امام قبلہ اول:
صیہونی دشمن نے فلسطینی قوم کا دائرہ حیات تنگ کردیا ہے
نیوزنور13جنوری/ مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب نے کہا ہے کہ دشمن
نے فلسطینی قوم پر اس کے اپنے وطن میں عرصہ حیات تنگ کردیا ہےاسلئے فلسطینی قوم کو
اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدو جہد تیز کرنا ہو گی۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ
میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ’’الشیخ ابو اسنینہ‘‘ نے کہا کہ عرب ممالک اور
عالم اسلام میں آنے والے تغیریات کے باوجود ہمارے خلاف سازشیں جاری ہیں مگر اللہ
کی سنت ہمیشہ غالب رہتی ہےاور دشمن کی ظالمانہ کارروائیاں فلسطینیوں کو ایک قوم
اور مسلمانوں کو ایک اُمت بننے سے نہیں روک سکتیں۔
انہوں نے کہاکہ فلسطین ہمارا وطن، مقدسات ہماری مقدسات، بیت
المقدس ہمارے نبی کے سفر معراج کے لیے مسریٰ ہےاور القدس کے وارث ہم خود ہیں کیونکہ
اللہ نے اس کا وارث مسلمانوں کو بنایا۔
الشیخ ابو اسنینہ نے مزیدفلسطینی قوم پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا
کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ القدس کو اسرائیل کے حوالے کرنے کا امریکی
اقدام کسی صورت میں قابل قبول نہیں کیونکہ یہ اقدام ہر اعتبار باطل اور جابرانہ
ہے۔
واضح رہے کہ کل جمعہ کے روز 40 ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ
مسجد اقصیٰ میں ادا کی اس موقع پر قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو قبلہ
اول میں نماز کی ادائی سے روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں تاہم
فلسطینی رکاوٹیں توڑ کو مسجد اقصیٰ میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔